مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق چالیس سالہ یاسر الجاروشی کو گذشتہ روز بیت المقدس میں ایک مجسٹریٹ عدالت میں پیش کیا گیا جہاں صہیونی پولیس نے اس کے جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع کی درخواست کی۔ الجاروشی کو رواں ہفتے مقبوضہ فلسطین کے الرملہ شہر سے حراست میں لیا گیاتھا۔ اس پرایک یہودی خاتون پر تیز دھار آلے سے حملے کا الزام عاید کیا گیا ہے۔
اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ عدالت نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں مزید نو دن کی توسیع کردی ہے۔ اس کے بعد یہودی خاتون پرحملے سے متعلق کیس کی تحقیقات آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔
اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش فلسطینی شہری نے یہودی خاتون پر خنجر سے حملے کی کوشش کا اعتراف کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ گھریلو مسائل کی وجہ سے سخت تنائو کا شکار تھا جس کے باعث اس نے ایک یہودی آباد کار خاتون پرحملہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ یاسر الجاروشی کو گذشتہ اتوار کو اسرائیلی پولیس نےاس وقت گولیاں مار کرزخمی کردیا تھا جب اس نے الرملہ شہرمیں مبینہ طورپر ایک یہودی خاتون پر تیز دھار آلے سے حملے کی کوشش کی تھی۔ پولیس نے زخمی حالت میں الجاروشی کو حراست میں لے لیا تھا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
