مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسماعیل ھنیہ لندن مرکز برائے حق واپسی کے چیئرمین ماجد الزیر کو ٹیلیفون کرکے انہیں اقوام متحدہ میں رکنیت ملنے پرمبارک باد پیش کی۔
ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے اسماعیل ھنیہ نے "مرکز حق واپسی” کی جانب سے فلسطینی قوم کے حقوق کی قانونی جنگ لڑنے میں مرکز کے ابلاغی اور سیاسی کردار کو سراہا بالخصوص فلسطینیوں کے حق واپسی کے لیے کی جانے والی مساعی کوقابل تحسین قراردیا۔
اسماعیل ھنیہ کا کہنا تھا کہ مرکز حق واپسی نے عالمی فورمز پر فلسطینی پناہ گزینوں کے حق واپسی کی جاندار انداز میں آواز اٹھائی ہے اور فلسطینی قوم اس پر مرکز کی شکر گذار ہے۔
دوسری جانب ماجد الزیر کا کہنا تھا کہ ان کا ادارہ فلسطینیوں کے حق واپسی کے لیے آئینی اور قانونی جدو جہد جاری رکھے گا۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز اقوام متحدہ نے تین کے مقابلے میں 12 ووٹوں کی حمایت سے "لندن مرکز برائے حق واپسی” کو عالمی ادارے کے تمام ذیلی اداروں میں رکنیت دینے کی منظوری دی۔ امریکا، اسرائیل اور یوراگوئے نے مخالفت میں جبکہ سوڈان، چین، ایران، جنوبی افریقا، پاکستان، ترکی، کیوبا، آذربائیجان، وینز ویلا، موریتانیہ اور گینیا نے حمایت میں ووٹ ڈالا۔ روس یونان اور نیکارا گوا نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔
قبل ازیں اسماعیل ھنیہ نے ایران کے سابق وزیر خارجہ علی اکبرصالحی کو کامیاب سرجری پر ٹیلیفون پر مبارک باد پیش کی۔ اس موقع پر اسماعیل ھنیہ کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے مسلم امہ میں شامل تمام ممالک کو اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔
دونوں رہ نمائوں نے درمیان ٹیلیفون پر بات چیت کے دوران دو طرفہ تعلقات اور مسئلہ فلسطین کی موجودہ صورت حال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
خیال رہے کہ علی اکبرصالحی کا پچھلے ماہ دل کا کامیاب آپریشن کیا گیا تھا۔ اب وہ روبہ صحت ہیں۔ انہوں نے اسماعیل ھنیہ کی جانب سے خیریت دریافت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
