مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق دوحہ میں مقیم حماس کے سیاسی شعبے کے سینیررکن عزت الرشق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی وزیرتعلیم کا اپنا دفتر تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کرنے کا اعلان نہایت خطرناک اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزارتوں کے دفاترکی بیت المقدس منتقلی کوئی معمولی بات نہیں ہے۔ اس سازش کا اصل مقصد بیت المقدس پر یہودی اجارہ داری کو دھونس اور طاقت کے ذریعے راسخ کرنا ہے۔ تاہم بیت المقدس کو تقسیم کرنے اور اسے یہودیانے کی تمام صہیونی سازشیں بری طرح ناکام ہوں گی۔
حماس رہ نما کا کہنا تھا کہ صہیونی ریاست ایڑی چوٹی کا زور لگا لے لیکن وہ بیت المقدس کوفلسطینیوں سے چھین نہیں سکتی۔ وزارتوں کے دفاترکی بیت المقدس منتقلی کے متنازعہ اعلانات بھی بیت المقدس پرمستقل قبضے کی سازشوں کا حصہ ہیں لیکن فلسطینی عوام مزاحمت کے ذریعے دشمن کی ان سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز اسرائیلی وزیر برائے تعلیم و اسپورٹس کی جانب سے یہ اعلان سامنے آیا تھا کہ وہ اپنی وزارت کادفتر بیت المقدس منتقل کررہے ہیں۔ صہیونی وزیر کے اس بیان کی دیگراسرائیلی سیاسی حلقوں کی جانب سے تائید اور حمایت کی گئی تھی۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
