نابلس کے مقامی فلسطینی رہ نما اور یہودی توسیع پسندی کی روک تھام کے لیے قائم کمیٹی کے چیئرمین غسان دغلس نے بتایا کہ اتوار کو علی الصباح جنوبی نابلس میں عقربا کے مقام پر سیکڑوں اسرائیلی فوجیوں نے جمع ہونا شروع کیا۔ اسرائیلی فوجیوں کے ہمراہ ٹینک، توپ خانے اور جنگی مشن کے لیے استعمال ہونے والی فوجی گاڑیوں کی بڑی تعداد بھی لائی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عقربہ قصبے کے باشندے اور خربہ الطویل کے فلسطینی رہائشی صہیونی فوجیوں کو دیکھ کر سخت خوف کا شکار ہوگئے ہیں۔ قابض فوجیوں نے مقامی شہریوں کو بغیر کوئی پیشگی اطلاع دیے بھاری آواز پیدا کرنے والے بم اور گولے داغنا شروع کیے ہیں جس کے نتیجے میں شہریوں میں خوف کی فضاء میں مسلسل اضافہ ہو گیا ہے۔
غسان دغلس نے بتایا کہ نابلس میں ’’معالیہ افرائیم‘‘ یہودی کالونی کے قریب آباد فلسطینی شہریوں کو سخت مشکلات کاسامنا ہے کیونکہ جنگی مشقوں کے نتیجے میں فلسطینیوں کو اپنے کھیتوں میں کام کے لیے آنے سے روک دیا گیا ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
