اسرائیلی پولیس نے اطلاع دی ہے کہ گذشتہ بدھ کو بیت المقدس میں ایک فلسطینی شہری کی کار کی ٹکر سے زخمی ہونے والا دوسرا یہودی آباد کاربھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے کل ہفتےکو دم توڑ گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی پولیس نے الزام عاید کیا ہے کہ فلسطینی شہری نے دانستہ طورپر مشرقی بیت المقدس میں کار چلاتے ہوئے چار یہودی آباد کاروں کو کچل ڈالا تھا جس کے نتیجے میں ایک یہودی آباد کار موقع پرہی ہلاک ہوگیا تھا جبکہ تین زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ ان میں سے بھی ایک کل ہفتے کی شام ہلاک ہوگیا۔
اسرائیل کے عبرانی میڈیا کے مطابق فلسطینی کار ڈرائیور نے اپنی کار اس وقت یہودی آباد کاروں پر چڑھا دی تھی جب وہ ایک اسٹاپ پر کھڑے بس کا انتظار کررہے تھے۔ پولیس نے 37 سالہ کار ڈرائیور کو حراست میں لے کراس سے تفتیش جاری رکھی ہوئی ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ فلسطینی نے دانستہ طورپر کار یہودی آبادکاروں پر چڑھا دی تھی۔
