اسرائیلی پولیس نے مقبوضہ بیت المقدس میں ایک کارروائی کے دوران مسجد اقصیٰ کے کلید بردار کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ قبلہ اول کے کلید بردار حسام سدر کی گرفتاری اس وقت عمل میں لائی گئی جب وہ مسجد میں نماز کی ادائی کے بعد باب حطہ سے باہر نکل رہے تھے۔
مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ صہیونی پولیس نے حسام سدر کو حراست میں لینے کے بعد اس کی آنکھوں پر پٹی باندھی اور ہتھکڑیاں لگا کرایک پولیس وین میں ڈال دیا، بعد ازاں انہیں بیت المقدس ہی میں ’’القشلہ‘‘ تفتیشی مرکز لے جایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ کل بدھ کے روز قابض صہیونی پولیس نے مسجد اقصیٰ کے باہر حفاظت پرمامور مسجد کے محافظوں کو بھی وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ اس واقعے کے بعد فلسطینی شہریوں نے صہیونی پولیس کے خلاف سخت غم وغصے کی لہر دوڑ گئی تھی۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
