مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قطری سفیر نے ان خیالات کا اظہار غزہ کی پٹی کے دورے کے دوران فلسطینی وزیر برائے آباد کاری مفید الحساینہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ دوحہ اقوام متحدہ کےذریعے غزہ کی تعمیر نو کا عمل جلد از جلد شروع کرانے کے لیے تعاون کرنے کو تیار ہے۔ اس سلسلےمیں قطری حکومت غزہ جنگ میں تباہ ہونے والے ایک ہزار مکانات کی تعمیر میں مدد فراہم کرے گی۔
رہائشی فلیٹس کی جنگی بنیادوں پر تعمیر
الشجاعیہ کے مقام پر فلسطینی وزیر آباد کاری مفید الحساینہ کے ہمراہ ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قطری سفیر نے کہا کہ ان کا ملک پہلے بھی غزہ کی تعمیر نو فوری شروع کرنے کا مطالبہ کرتا آیا ہے اور اب بھی اس میں تاخیر کا روادار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم غزہ کی پٹی میں بے گھر ہونے والے ہزاروں خاندانوں کی بحالی کے لیے ’’الشیخ حمد بن خلیفہ‘‘ پروجیکٹ شروع کررہے ہیں۔ اس پروجیکٹ کےتحت رہائشی مقاصد کے لیے ایک ہزار فلیٹس تعمیر کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مکانات فلسطینی وزارت آباد کاری کے ہاں رجسٹرڈ خاندانوں کو الاٹ کیے جائیں گے۔ انہوں نے غزہ کی پٹی میں پانی کی پائپ لائنوں کی مرمت اور فراہمی آب کے منصوبوں میں بھی تعاون کا اعلان کیا۔
محمد العمادی نے عالمی برادری بالخصوص ڈونرز ممالک پر زور دیا کہ وہ غزہ کی تعمیر نو کے حوالے سے اپنے وعدے پورے کریں اور غزہ کو فنڈز کی فراہمی میں تاخیر سے کام نہ لیں۔ اس سلسلے میں قطر ایک ہزار مکانات کی تعمیر سے کام کا آغاز کررہا ہے۔امید ہے کہ عالمی برادری بھی اپنے حصے کا کام جلد شروع کرے گی۔
قطری سفیر کی جانب سے غزہ کی پٹی میں ایک ہزار مکانات کی تعمیر، اسپتالوں اور انفراسٹرکچر کی بحالی میں مدد فراہم کرنے پر فلسطینی حکومت نے قطر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ فلسطینی وزیر برائے آباد کار مفید الحساینہ نے کہا کہ قطر نے ہمیشہ غزہ کے عوام کی مدد کی ہے۔ دیگر عرب ممالک اور عالمی برادری کو بھی قطر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے فلسطینیوں کی بحالی اور آباد کاری میں دل کھول کر امداد فراہم کرنی چاہیے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
