اسرائیلی ذرائع ابلاغ میں آنے والی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل کی بجلی سپلائی کرنے والی مرکزی کمپنی کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے کے بعض شہروں کی بجلی واجبات کی عدم ادائی کی بناء پر کاٹی ہے۔ جب تک فلسطینی اتھارٹی واجبات ادا نہیں کرتی اس وقت تک فلسطینی شہروں کو بجلی فراہم نہیں کی جائے گی۔
صہیونی میڈیا کا کہناہے کہ حال ہی میں الیکٹرک سپلائی کمپنی اور حکومت کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا تھا۔ اس معاہدے کے تحت اسرائیلی حکومت نے اپنے ذمہ فلسطینی اتھارٹی کے روکے گئے فنڈز فلسطینی واجبات کی مد میں کمپنی کو دینے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم معاہدہ ہونے کے باوجود اسرائیلی حکومت نے 200 ملین شیکل کی رقم الیکٹرک کمپنی کو فراہم نہیں کی ہے جس کی وجہ سے اس نے غرب اردن کی بجلی کاٹ دی ہے۔
خیال رہے کہ مغربی کنارے کی بجلی کاٹنے کا ایک ہفتے میں یہ تیسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل دو مرتبہ نابلس اور جنین کی بجلی کاٹ دی گئی تھی۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین