مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیل کی ایک مقامی عدالت کی جانب سے جاری بیان میں حنین الزعبی کی جانب سے دائر دو الگ الگ درخواستوں کی تصدیق کی گئی اور ساتھ ہی عدالت کا کہنا ہے کہ وہ حنین الزعبی اور یہودی سماجی کارکن باروخ مارزل کی دائر کردہ درخواستوں پر غور شروع کررہی ہے۔
عدالت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حنین الزعبی کے اسرائیلی انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت کے لیے نو رکنی بینچ تشکیل دے دیا گیا ہے جو اگلے دو روز تک الیکشن کمیشن کے فیصلے کے آئینی اور قانونی پہلووں کا جائزہ لے گا۔
خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے الیکشن کمیشن کو ایک درخواست دی گئی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عرب کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی حنین الزعبی اسرائیل کی سلامتی کے خلاف کام کرتی رہی ہے۔ نیز اس نے فلسطینی مزاحمت کاروں کی حمایت کی جس پر اسے اسرائیل کے پارلیمانی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے نا اہل قرار دیا جائے۔ الیکشن کمیشن نے درخواست کا فیصلہ دیتے ہوئے الزعبی کو انتخابات میں حصہ لینے سے روک دیا تھا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
