مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کے ہاں متعین بھارتی سفیر موھیش کمار نے رام اللہ میں ایوان صنعت و تجارت کے دفتر کے دورے کے بعد تاجروں اور صنعت کاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت فلسطینی عوم کے تمام بنیادی حقوق اور دیرینہ مطالبات کی حمایت کے ساتھ فلسطینی سیاسی جماعتوں کی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی کی مساعی کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اور فلسطینی قوم کے درمیان نہایت گہرے دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔ بھارت نے ہر فورم پر فلسطینیوں کے جائز مطالبات کی حمایت کی ہے۔
مھیش کمار کا کہنا تھا کہ ان کا ملک فلسطینیوں کے درمیان قومی مفاہمت کے لیے جاری کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور ان پر زور دیتا ہے کہ وہ جلد ازجلد اختلافات بھلا کر یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ بھارت آزاد فلسطینی ریاست کی بھی حمایت جاری رکھے گا۔
بھارتی سفیر کا کہنا تھا کہ ان کا ملک فلسطینی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو اپنے ہاں سرمایہ کاری کے لیے ہرممکن سہولتیں فراہم کرے گا۔ تاجروں کے لیے ویزے کے حصول کی شرائط نرم کی جائیں گی۔ فلسطینی تاجر آن لائن ویزہ بھی حاصل کرسکیں گے۔
اس موقع پر فلسطینی ایوان صنعت وتجارت کے چیئرمین ولید الحصری نے بھارتی سفیر کی جانب سے فلسطینی قوم کے بنیادی حقوق کی حمایت کرنے پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ فلسطینی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو اپنے ہاں سرمایہ کاری کے لیے مناسب ماحول مہیا کرے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
