اسرائیل کی ایک فوجی عدالت نے زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے ایک فلسطینی شہری کو آٹھ سال قید بامشقت اور آٹھ لاکھ شیکل جرمانہ کی سزا کا حکم دیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیل کی’’سالم‘‘ نامی فوجی عدالت کی جانب سے غرب اردن کے شہر جنین سے تعلق رکھنے والے محمد ابراہیم نغنغیہ کو گذشتہ روز سزا سنائی گئی۔
سزا پانے والے فلسطینی نوجوان کے اہل خانہ کا کہنا ہے صہیونی فوجیوں نے 2013 ء میں ابراہیم کو حراست میں لینے کے بعد جیل منتقل کردیا تھا۔ گرفتاری سے قبل دشمن فوجیوں نے ابراہیم کی ٹانگ میں گولی ماردی تھی جس کے نتیجے میں اس کی ایک ٹانگ ٹوٹ گئی تھی۔
اسے اسی طرح شدید زخمی حالت میں حراست میں لیا گیا۔ دوران حراست اس کی حالت بدستور خراب رہی ہے۔ اہل خانہ نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے ابراہیم کو طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے صہیونی حکام پر دبائو ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
