مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ غرب اردن کی مختلف گورنریوں میں جمعرات کے روز عباس ملیشیا نے حماس کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈائون شروع کیا۔ تلاشی کی کارروائیوں میں حماس کے چار رہ نمائوں اور 14 دیگر کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ عباس ملیشیا کی جانب سے گذشتہ چند ایام میں گرفتار طلباء اور دیگر کارکنوں کی تعداد 37 ہوگئی ہے۔
بیان کے مطابق قلقیلیہ شہر میں تلاشی کی کارروائیوں میں حماس کے ارکان غیث عفانہ، طارق ابو ذیاب، محمد نسیم شنطی کو حراست میں لیا گیا۔ رام اللہ میں تلاشی کی کارروائیوں میں القدس اوپن یونیورسٹی کے طالب علم قتیبہ حمدان، بیرزیت یونیورسٹی کے محمود عطیہ کو حراست میں لیا گیا۔ دونوں کے اہل خانہ نے بتایا کہ عباس ملیشیا نے گرفتاری کی کارروائیوں میں حماس کارکنوں کو سر عام تشدد کا نشانہ بنایا۔
عباس ملیشیا کے انٹیلی جنس حکام نے پچھلے چھ دن سے حماس رہ نما الشیخ محمد ھریش اور اس کے صاحبزادے حمزہ کو حراست میں لے رکھا ہے۔ دوران حراست ان پربھی وحشیانہ تشدد کا سلسلہ جاری ہے۔
ادھر عباس ملیشیا نے بیرزیت یونیورسٹی کے طالب علم ابراہیم جاک کو 28 روز تک حراست میں رکھنے کے بعد رہا کردیا۔ جاک کا تعلق حماس کے مقرب سمجھے جانے والے طلباء ونگ اسلامک بلاک سے بتایا جاتا ہے۔
الخلیل شہر میں عباس ملیشیا نے تلاشی کی کارروائیوں میں زید زیاد الجنیدی کو حراست میں لیا۔ اسی علاقے سے گذشتہ روز فائز جابر اور فارفت ابو جحیشہ کو 10 روز کے لیے حراست میں لیا تھا۔
رام اللہ اور اس کے مضافات میں تلاشی کی کارروائیوں میں فضل جبارین،، تیسیر رباع، یحیٰی ابو صبح، عاطف رباع اور ان کے متعدد ساتھیوں کو حراست میں لیا گیا۔
درایں اثناء عباس ملیشیا نے عباس ملیشیا نے طالب علم معتز ابو زینہ کی ضبط کی گئی کار اس کے حوالے کرنے سے انکار کردیا ہے۔ عباس ملیشیا کے اہلکاروں نے معتز کے ایک دوسرےعزیز مقداد القواسمہ کو بھی حراست میں لیا ہے۔ خیال رہے کہ مقداد کا ایک بھائی اسرائیلی جیلوں میں قید ہے۔
بیت لحم میں عباس ملیشیا کی جانب سے گھر گھر کی کارروائیوں میں اسکول ٹیچر صالح قاسم کو اور اس کے بیٹے ھارون کو حراست میں لے لیا۔ صالح کا ایک بیٹا قتیبہ قاسم اسرائیلی جیل میں قید ہے۔
طولکرم گورنری میں عباس ملیشیا کی کارروائیوں میں انس رائف کو حراست میں لیا جبکہ جنین سے امجد کمیل سمیت جامعہ عصمت قاسم اور القدس اوپن یونیورسٹی کے متعدد طلباء کو خود کو حکام کے حوالے کرنے کے نوٹسز جاری کیے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین