قابض صہیونی فوجیوں نے مقبوضہ مغربی کنارے میں نہتے فلسطینی شہریوں کی اندھا دھند گرفتاریوں کا سلسلہ بدستو جاری رکھا ہوا ہے۔ ایک تازہ کارروائی میں الخلیل شہر سے یونیورسٹی کے ایک طالب علم عمادالدین عصافرہ کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسیر طالب علم کے اہل خانہ نے بتایا کہ عماد الدین اتوار کے روز الخلیل کے مغرب میں بیت کاحل میں اپنے ہی قصبے میں کسی کام میں مصروف تھا۔ گھر واپسی پر اسے ایک موبائل ناکے پر حراست میں لے لیا گیا۔
اس سے قبل صہیونی فوج عماد الدین عصافرہ کے ایک بھائی ریاض عصافرہ کو بھی قید میں رکھ چکی ہے۔ ریاض دو ماہ قبل ہی صہیونی جیل سے رہا ہوا ہے۔
خیال رہے کہ فلسطین کے مقبوضہ غرب اردن میں صہیونی فوج اور فلسطینی اتھارٹی کے سیکیورٹی اداروں کی جانب سے آئے روز شہریوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ صہیونی پولیس کا خاص طور پر نشانہ فلسطینی جامعات کے طلباء ہیں۔ گرفتاری کئ بعد انہیں حراستی مراکز میں اذیت ناک تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔
