مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق موبائل مکانات کی تعمیر کے پروجیکٹ پر فلسطینی وزیر محنت وآباکاری مفید الحسائنہ اور ہلال احمر کے مندوبین نے دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت ڈیڑھ ملین ڈالر کی رقم سے غزہ کی پٹی میں ایک سو موبائل مکانوں کے علاوہ اسرائیلی بمباری میں تباہ ہونے والے پانی کے کنوئیں اور انفراسٹرکچر بھی تعمیر کیا جائے گا۔
ہلال احمر کے ساتھ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے فلسطینی وزیرآباد کاری نے غزہ کی پٹی میں تعمیر نو کے عمل میں کھل کر تعاون کرنے پر عالمی برادری، مسلمان اور عرب ممالک بالخصوص خلیجی ریاست قطر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے غزہ کی تعمیرنو میں گہری دلچسپی لینے پر ہلال احمر کے سیکرٹری جنرل پروفیسر صالح بن المھندی اور جزائر مالدیپ حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا۔
فلسطین وزیر مفید الحسائنہ کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے مندوب برائے مشرق وسطیٰ رابرٹ سیری کی جانب سے انہیں بتایا گیا ہے کہ جلد ہی مغربی کنارے کے راستے غزہ کی پٹی میں تعمیراتی کاموں کی غرض سے تعمیراتی میٹریل غزہ روانہ کیا جائے گا۔ یہ میٹریل 24 ہزار متاثرہ مکانات کی تعمیر نو یا معمولی مرمت کے لیے کافی ہوگا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
