مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ رباط میں عرب اور مسلمان ممالک کے وزراء خارجہ کا ایک ہنگامی اجلاس ہو رہا ہے جس میں بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کے خلاف صہیونی ریشہ دوانیوں کی روک تھام کے لیے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔
بیان میں کہا گیاہے کہ اسرائیل تاریخی شہر مقبوضہ بیت المقدس کی اسلامی اور عرب شناخت مٹانے کی سازش کر رہا ہے اور اسے پورے عرب اور مسلم ممالک سے الگ تھلگ کرنا چاہتا ہے۔ ایسے میں عالم اسلام کی نمائندہ قیادت کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ القدس کو صہیونی سازشوں سے بچانے کے لیے موثر حکمت عملی وضع کریں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فلسطینی وزارت خارجہ رباط اجلاس میں پوری تیاری کے ساتھ شرکت کرے گی اور پوری اسلامی دنیا سے جمع قیادت کے سامنے فلسطینی اور القدس کی تازہ صورت حال کی تفصیل پیش کرے گی۔ بیان میں انکشاف کیا گیا کہ رابط اجلاس میں سلامتی کونسل کے بعض مستقل ممبر ممالک کے وزرائے خارجہ بھی شرکت کریں گے۔
خیال رہے کہ او آئی سی کی بین الوزاری رابطہ کمیٹی گذشتہ برس فلسطین کی درخواست پر تشکیل دی گئی تھی۔ اس کمیٹی کا پہلا اجلاس پچھلے سال افریقی ملک جمہوریہ گینیا کے صدر مقام کوناکری میں ہوا تھا۔ فلسطین، سعودی عرب، ارن،مراکش، مصر، گینیا، ملائیشیا،آذربائیجان اور ترکی اس کمیٹی کے مستقل رکن ہیں جبکہ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کو بھی اس کمیٹی کےرکن کا درجہ دیا گیا ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
