فلسطین کے مقبوضہ شہر تل الربیع میں گذشتہ روز ایک فلسطینی نوجوان کے خںجر کے وار سے زخمی ہونے والا اسرائیلی فوجی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گیا۔
اسرائیلی اخبار ’’یدیعوت احروت‘‘ نے تل ابیب کے طبی ذرائع کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ 20 سالہ المنگ چیلونی کو مغربی کنارے کی مودبعین کالونی میں گذشتہ روز ایک فلسطینی نوجوان نے خنجر سے حملہ کرکے زخمی کردیا تھا۔ اسے فوری طر پر علاج کے لیے وسطی اسرائیل کے ھاشومیر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جاںبر نہ ہوسکا اور ہلاک ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور کا تعلق مغربی کنارے کے شہر نابلس سے ہے اور اسے حراست میں لے لیا ہے۔ اخباری رپورٹ کے مطابق سوموار کے روز اسرائیلی فوجیوں پر تین پرتشدد حملے ہوئے ہیں۔ ان میں سے ایک حملے میں ایک اسرائیلی فوجی شدید زخمی ہوا اور بعد ازاں ہلاک ہوگیا۔ ایک دوسرے واقعے میں جنوبی مغربی کنارے میں ایک شخص نے تین اسرائیلیوں پر خنجر سے حملہ کیا۔ صہیونی فوج کی فائرنگ سے حملہ آور شہید ہوگا۔ اسی طرح کے ایک اور واقعے میں ایک 14 سالہ صہیونی لڑکی ہلاک ہوگئی۔
اسرائیلی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بئرسبع شہر سے ایک نامعلوم شخص کو حراست میں لیا ہے جس نے ایک اسرائیلی لڑکی کو پارکنگ اسٹینڈ پر کھڑے کار سے کچلنے کی کوشش کی تھی تاہم وہ اس میں ناکام رہا تھا۔
خیال ہے کہ بیت المقدس اور فلسطین کے دوسرے شہروں میں اس طرح کے واقعات پچھلے جولائی کے بعد سے مسلسل جاری ہیں۔ جولائی میں یہودی دہشت گردوں نے ایک 17سالہ فلسطینی نوجوان محمد ابو خضیر کو اغواء کے بعد نہایت بے دردی سے شہید کردیا تھا، جس کے بعد یہودیوں پر حملے بھی تیز ہوگئے ہیں۔ حالیہ دنوں میں کشیدگی کی لہر میں مزید شدت دیکھی جا رہی ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین