فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ کے شمال مشرقی قصبے سلواد میں قابض صہیونی فوجیوں نے نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں مقامی فلسطینیوں کے گھروں کی چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گھروں پر چھاپے مارے اور توڑ پھوڑ کی ہے۔
مقامی ذرائع نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا کہ صہیونی فوجیوں نے چھاپے سے قبل سلواد قصبے کے داخلی راستوں پر زور دار آواز پیدا کرنے والے بم دھماکے کیے اور شہریوں کے گھروں پر ربڑ کی گولیاں برسائیں تاہم کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں مل سکی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ جمعہ کو اسرائیلی فوج نے سلواد قصبے میں ایک احتجاجی ریلی پر فائرنگ کر کے ایک 14 سالہ لڑکا عروہ حماد شہید کر دیا تھا۔ عروہ کی شہادت کے بعد قصبے میں اسرائیل کے خلاف سخت اشتعال پایا جاتا ہے۔
گذشتہ روز صہیونی فوجیوں نے قصبے میں گھر گھر تلاشی کے دوران معصوم شہریوں اور گھروں میں موجود خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا۔ عروہ حماد کو کل اتوار کو سپرد خاک کر دیا گیا۔ اس موقع پر سلواد میں مکمل طور پر ہڑتال کی گئی تھی۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
