غزہ کی پٹی پر اگست میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری میں زخمی ہونے ولے 123 زخمیوں کو علاج کے لیے ترکی لے جایا گیا تھا۔ گذشتہ روز ان میں سے 41 افراد علاج کے بعد واپس غزہ پہنچے ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ترک وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ جمعہ کے روز غزہ کے اکتالیس زخمیوں کے علاج کی تکمیل کے بعد انہیں واپس غزہ روانہ کردیا گیا ہے۔
وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ غزہ کے زخمی مختلف قافلوں کی شکل میں ترکی پہنچے تھے۔ ایک گروپ حال ہی میں 23 ستممبر کو انقرہ پہنچا۔ ان زخمیوں کو بھی اسپتالوں میں داخل کردیا گیا ہے۔ اس سے قبل ایک گروپ 11 اگست کو انقرہ پہنچا تھا۔ ان زخمیوں کا سرکاری سطح پر علاج کیا گیا۔ ترک وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ان کا ملک صہیونی ریاستی دہشت گردی کی مذمت کے ساتھ ساتھ مشرق وسطیٰ میں دیر پا قیام امن کے لیے مساعی جاری رکھے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ ترکی غزہ کے مفلوک الحال عوام کو کسی صورت میں تنہا نہیں چھوڑے گا۔ ان کی ہر ممکن مدد جاری رکھی جائے گی۔
یاد رہے کہ غزہ کی پٹی پر سات جولائی سے 26 اگست تک اسرائیلی فوج کی وحشیانہ ریاستی دہشت گردی اور بمباری کے نتیجے میں کم سے کم 2200 فلسطینی شہید اور 11 ہزار زخمی ہوئے تھے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
