مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق القسام بریگیڈ کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ فلسطینی مزاحمت کاروں اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی اتوار اور پیر کی درمیانی شب 12 بجے سے شروع ہوئی لیکن مقامی وقت کے مطابق رات 11:55 پر القسام بریگیڈ نے اسرائیل دارالحکومت پر "ایم 75” راکٹوں کے تابڑ توڑ حملے کیے۔ اس کے علاوہ کئی دوسری یہودی کالونیوں کریات ملاخی۔ مشرقی عسقلان، کفار عزا، سیدی تمان لاجسٹک ملٹری اڈے پر گراڈ اور آٹھ "القسام” راکٹ داغے گئے۔
جنگ بندی پر عمل درآمد سے پانچ منٹ قبل اسرائیلی میڈیا نے بھی خبر دی تھی کہ تل ابیب میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے راکٹ حملے ہوئے ہیں جن سے زور دار دھماکے سنے گئے ہیں تاہم ان حملوں میں کسی قسم کے جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
خیال رہے کہ فلسطینی مزاحمت کاروں اور اسرائیل کے درمیان مصر کی ثالثی کے تحت جاری بالواسطہ مذاکرات میں فریقین نے گذشتہ روز جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا۔ 27 گھنٹے کی اس جنگ بندی پر اتوار اور پیر کی درمیانی شب 12 بجے سے عمل درآمد ہونا تھا۔
