فلسطین سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی بربریت کے خلاف قرارداد کو قومی اسمبلی میں متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا جس میں وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے فلسطین سے اظہار یکجہتی اور غزہ میں اسرائیلی بربریت کے خلاف قرارداد پیش کی جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔
قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان اسرائیل کے مظالم کی شدید مذمت کرتا ہے اور اسرائیلی مظالم فلسطینیوں کی نسل کشی کے مترادف ہیں جبکہ قرارداد کے متن میں غزہ میں اسرائیلی جارحیت رکوانے کے لیے اقوام متحدہ سے کردار ادا کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔
دوسری جانب قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ فلسطین کے مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ مذاکرات کا آغاز کرایا جائے اور غزہ کا محاصرہ ختم کرا کر متاثرین کو فوری طور پر امداد پہنچائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے مظالم ناقابل برداشت اور کھلی جارحیت ہیں، پاکستان اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور او آئی سی میں فلسطین کے حق میں آواز اٹھاتا رہے گا۔
مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ غزہ میں نہ پانی ہے، نہ خوراک اور نہ ہی دوائیں جبکہ وہاں خواتین اور بچوں کے لیے کوئی محفوظ جگہ بھی نہیں ہے اس لیے وہاں جنگ بندی کے لیے فوری طور پر اقدامات کیے جائیں۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
