فلسطینی شہر غزہ کی پٹی کے جنوب میں قابض اسرائیلی فوج کی زمینی کارروائی کے دوران اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ نے بارودی سرنگ سے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں ایک صہیونی فوجی شدید زخمی ہوگیا۔ اس کارروائی کے بعد اسرائیلی فوج کی شہر کے شمال، جنوب اور مشرق کی جانب سے جاری زمینی کارروائی اور پیش قدمی روک دی گئی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے طابق القسام بریگیڈ نے اس کارروائی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن نے غزہ کی پٹی زمینی آپریشن شروع کیا تو اسے قدم قدم پر اسی طرح کی بارودی سرنگ حملوں سے نشانہ بنایا جائے گا۔
ادھر اسرائیلی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جنوبی غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے بارودی سرنگیں صاف کرنے کے لیے مختص کمانڈوز یونٹ کے ایک اہلکار الون بن ڈیویڈ کو بارودی سرنگ حملے میں گہرے زخم آئے ہیں۔ بارودی سرنگ حملے کے بعد جائے وقوعہ کے قریب فلسطینی مزاحمت کاروں اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان طویل جھڑپ ہوئی۔ مزاحمت کاروں کی جانب سے تین ہاون راکٹ بھی فائر کیے گئے۔ ٹی وی رپورٹ کے مطابق بارودی سرنگ حملے کے بعد فوج نے زمین سرچ آپریشن بند کردیا تھا۔
ٹی وی رپورٹ میں فوجی ذریعے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جمعرات کو علی الصباح صوفا کے مقام پر فوجیوں پر حملے کے بعد حماس کے 13 جنگجو کامیابی سے فرار ہوگئے تھے۔
