اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں فضائی حملوں کا سلسلہ بدستور جاری رکھا ہوا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب اسرائیلی فوج کے جنگی جہازوں نے جنوبی غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں کے متعدد کمپاؤنڈز کو بمباری کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے تاہم بمباری سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
مقامی ذرائع نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا کہ اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ میں رفح کے مقام پر انٹرنیشنل ایئر پورٹ اور اس کے قریب نیشنل ڈیفنس فورس کے ایک فوجی اڈے پر تین میزائل داغے۔ فضائی حملے سے قبل اسی علاقے میں اسرائیل کی بری فوج نے توپ خانے سے گولہ باری کی تھی۔
ادھر مشرقی خان یونس میں بھی کھلی اور ویران اراضی میں تین میزائل گرے ہیں تاہم ان کی وجہ سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔
مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں حملوں میں غیرمعمولی اضافہ کردیا ہے۔ غزہ پر حملوں میں وقفہ کم کردیا گیا اور اسرائیلی فوج کے جنگی جہاز نچلی پروازیں جاری رکھے ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں شہری سخت خوف کا شکار ہیں۔
