قابض اسرائیلی فوج نے اتوار کے روز مغربی کنارے کے مختلف علاقوں سے 25 فلسطینی باشندوں کو اغوا کرلیا، جس کے ساتھ ہی مغربی کنارے میں حراست میں لئے جانے والے شہریوں کی تعداد 600 ہوگئی۔
اسرائیلی فوج نے تقریبا تین ہفتے قبل گمشدہ ہونے والے یہودی آبادکاروں کی تلاش میں فوجی آپریشن شروع کیا ہوا ہے۔ صیہونی فوج نے نابلس کے جنوبی علاقے مدامہ میں ایک گھر پر کارروائی کرکے ایک فلسطینی طالبعلم کو حراست میں لے لیا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ ایک اور 55 سالہ فلسطینی شہری عمر ابو عشاء کو انہی یہودی آبادکاروں کے اغوا میں ملوث قرار دے کر الخلیل سے حراست میں لے لیا گیا۔ اسرائیلی فوج کی ایک بڑی تعداد نے ابو عشاء کے گھر پر دھاوا بول کر انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
ادھر الخلیل کے شمال میان واقع العروب مہاجر کیمپ پر بھی اسرائیلی فوج نے چھاپہ مار کارروائی کی اور متعدد فلسطینی بچوں کو اغوا کرلیا۔ ادھر بیت لحم کے علاقے بیت فجار میں بھی اسرائیلی فوج نے تلاشی آپریشن جاری رکھا اور گھر گھر تلاشی لی۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
