فلسطینی شہرغزہ کی پٹی میں ایک زیرزمین بنکر میں جاری تربیتی مشقوں کے دوران اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے عسکری ونگ عزالدین القسام شہید بریگیڈ کے پانچ کارکن شہید ہوگئے ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق یہ واقعہ مشرقی غزہ کی ایک سرنگ میں گذشتہ روز پیش آیا۔ مجاہدین جہادی ٹریننگ میں مصروف تھے کہ اچانک دھماکہ ہوگیا جس کے نتیجے میں موقع پر موجود القسام بریگیڈ کے پانچ کارکن شہید ہوگئے۔
شہداء میں پچیس سالہ نعیم الحرازین۔ 23 سالہ احمد خلیل عیاد، 24 سالہ ابراہیم صالح العرقان، 22 سالہ رائد کامل مرشود اور تئیس سالہ خلیل اسماعیل الغرابلی شامل ہیں۔
القسام بریگیڈ کی جانب سے جاری ایک بیان میں اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔ بریگیڈ نے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی بھی دعا کی ہے۔
ادھر غزہ کی پٹی میں وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ مشرقی غزہ میں ایک سرنگ میں دم گٹھنے سے شہری دفاع کا ایک کارکن شہید ہوگیا۔ تاہم اس کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
