قطر نے فلسطین میں اسلامی تحریک مزاحمت”حماس "اور الفتح کے اشتراک سے بننے والی قومی حکومت کو بیس ملین ڈالر کی فوری امداد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
فلسطینی حکومت کے ترجمان ایہاب بسیسو نے رام اللہ میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں بتایا کہ قطری وزیراعظم عبداللہ بن ناصر نے عبوری فلسطینی وزیراعظم رامی الحمد اللہ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ دوحہ جلد از جلد فلسطینی حکومت کو بیس ملین ڈالر کی رقم فراہم کرے گا۔ قطری حکومت کی فراہم کردہ رقم سے غزہ کی پٹی کی پچھلی حکومت میں شامل ملازمین کو تنخواہیں ادا کی جائیں گی۔
فلسطینی حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ غزہ کی پٹی کے جن ملازمین کی تنخواہیں واجب الادا ہیں۔ ان کی ادائی کے لیے ایک بنک اکاؤنٹ کھولا جا رہا ہے جس میں ان کی تنخواہوں کی رقم منتقل کی جائے گی۔
ایک سوال کے جواب میں ایہاب بسیسو نے کہا کہ مخلوط حکومت تمام ملازمین کے ساتھ منصفانہ سلوک کر رہی ہے اور کسی ایک فریق ساتھ بھی زیادتی نہیں ہونے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی جانب سے مخلوط فلسطینی حکومت کو امداد کی یقین دہانیاں کرائی گئی ہیں۔ امدادی رقوم ملنے کے بعد تنخواہوں کی عدم ادائی کا بحران ختم ہو جائے گا۔
ترجمان نے فلسطین میں قومی حکومت کی تشکیل میں عرب ممالک کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ قومی حکومت کو عرب اور مسلمان ممالک کی جانب سے امداد کا انتطار ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
