اسرائیلی فوج کو فراہم کردہ بجٹ میں کمی کے نتیجے میں فضائیہ، بری اور نیول فوج کی جنگی مشقیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں اور کئی اہم فوجی مشقوں کو معطل کردیا گیا ہے۔اسرائیل کے عبرانی ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران فوج کو دیا گیا بجٹ جنگی مشقوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہے۔ اس لیے فوج کے تین بڑے اداروں کی جنگی مشقوں کے شیڈول معطل کردیے گئے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے ایک سینیئر عہدیدار نے عبرانی ریڈیو کو بتایا کہ فوج کو سنگین نوعیت کے چیلنجز کا سامنا ہے، اس کے باوجود حکومت کی جانب سے دفاع کے شعبے میں اضافی بجٹ فراہم کرنے سے انکار کردیا گیا ہے، جس کے باعث فوج کی جنگی مشقیں التواء کا شکار ہوئی ہیں۔
صہیونی فوجی افسر نے کہا کہ آرمی کی جانب سے حکومت کو سفارش کی گئی تھی کہ وہ رواں مالی سال کے بجٹ میں فوج کے لیے اعشاریہ 10 فی صد اضافہ کرے، لیکن حکومت کی جانب سے تجویز قبول نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ فوجی بجٹ کے حوالے سے حکومت کو سخت فیصلے کرنا ہوں گے۔
خیال رہے کہ اسرائیل کا کل سالانہ بجٹ 110 ارب ڈالر ہے جس میں فوج کے لیے 15 ارب ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔ فوج نے 25 لاکھ ڈالر اضافی بجٹ کی سفارش کی تھی جسے مسترد کردیا گیا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
