فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں فلسطینی مظاہرین نے اسرائیلی پولیس اہلکاروں پر سنگ باری اور اینٹوں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں کم سے کم ایک پولیس اہلکارکے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
اسرائٰیلی پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ بدھ کی شام مسجد اقصیٰ سے کچھ فاصلے پر اس وقت پیش آیا جب فلسطینی شہری اسرائیلی فوج کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کررہے تھے۔ اس موقع پر صہیونی پولیس اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا اور ان پر اشک آور گیس کی شیلنگ کی۔ مشتعل فلسطینی شہریوں نے پولیس ا ہلکاروں پر سنگ باری کی۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایک پولیس اہلکار کے سر میں اینٹیں لگنے سے اسے درمیانے درجے کے زخم آئے ہیں جسے علاج کے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ادھر اسرائیلی عبرانی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی مظاہرین نے مکانوں کی چھتوں پر چڑھ کر اسرائیلی پولیس پر سنگ باری کی۔ ٹی وی رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز ہی ایک دوسرے واقعے میں فلسطینی مظاہرین کے ساتھ تصادم میں سات صہیونی آباد کار زخمی ہوئے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک بس میں سوار یہودی آباد کاروں نے بس سے اتر کر فلسطینی مظاہرین پر حملہ کردیا تھا۔ اس کے جواب میں فلسطینی شہریوں نے سنگ باری اور اینٹوں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں سات یہودی آباد کار زخمی ہوئے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
