امریکی حکومت نے اسرائیل کو یقین دلایا ہے کہ واشنگٹن کسی بھی صورت میں ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول میں کامیاب نہیں ہونے دے گا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ قومی سلامتی کی مشیر سوزان رائیس اور بعض دوسرے ارکان کانگریس نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کی قیادت میں آئے اعلیٰ اختیاراتی وفد سے ملاقات کی جس میں انہیں یقین دلایا گیا ہے کہ ایران کے جوہری ہتھیاروں کے حصول سے متعلق تل ابیب کے تمام تحفظات اور خدشات دور کیے جائیں گے۔
بیان کے مطابق امریکی اور اسرائیلی حکام کے درمیان ہونے والی بات چیت کئی گھنٹے جاری رہی جس میں دیگر علاقائی اور عالمی مسائل پر ایران کا جوہری تنازعہ سر فہرست رہا۔ اس موقع پر امریکی حکام نے اسرائیلیوں کو یقین دلایا کہ تہران کے جوہری توانائی کے حصول سے متعلق پروگرام کے بارے میں واشنگٹن اور تل ابیب آپس میں رابطے میں رہیں گے اور امریکا ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے ہر صورت میں روکے گا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
