قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل کے مغرب میں واقع الفوار مہاجر کیمپ اور اس سے ملحقہ حد الفوار کے ویران علاقوں میں تلاشی کی ایک نئی مہم شروع کی ہے۔
عینی شاہدین نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا کہ بدھ کے روز کم سے کم 30 کے لگ بھگ اسرائیلی فوج کے اہلکار فلسطینیوں کی زرعی اراضی اور ویران علاقوں کی تلاشی کرتے دیکھے گئے۔ ان کی حفاظت پر صہیونی پولیس کے زمینی دستوں کے علاوہ ہوائی جہازوں اور ہیلی کاپٹروں کے ذریعے بھی نگرانی کی گئی۔ اس موقع پر فائرنگ کی بھی اطلاعات ہیں تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا فائرنگ کہاں اور کس پر کی گئی تھی۔
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ بدھ کو کم سے کم 10 فوجی گاڑیوں پر سوار یہودی فوجی بائی پاس روڈ نمبر ساٹھ پر ایک جگہ اترے اور فلسطینیوں کے کھیتوں میں تلاشی کا عمل شروع کردیا۔ وہ تلاشی کے ساتھ ساتھ علاقے کی تصاویر بھی اتار رہے تھے۔