مسجد اقصیٰ کی تعمیرو مرمت کی ذمہ دار تنظیم الاقصیٰ فاؤنڈیشن وٹرسٹ نے خبردار کیا ہے کہ انتہا پسند یہودیوں کی جانب سے مسجد اقصیٰ میں دہشت گردی کی کارروائیوں کا خطرہ ہے کیونکہ
تنظیم کو اطلاع ملی ہے کہ یہود شدت پسند مسجد اقصیٰ کے سیکیورٹی عملے اور اس کی صفائی اور نگرانی کرنے والے ملازمین کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اقصیٰ فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ یہودی انتہا پسندوں کی جانب سے مسجد اقصیٰ سنگین خطرات میں گھرچکی ہے اور اب قبلہ اول کے سیکیورٹی گارڈ اور دیگر ملازمین کی جانوں کو بھی خطرات لاحق ہیں۔
اقصیٰ فاؤنڈیشن نے قبلہ اول کو لاحق خطرات اور ممکنہ دہشت گردی سے متعلق عالم اسلام، اسلام تعاون تنظیم "او آئی سی” اور عرب لیگ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قبلہ اول کو یہودیوں کے حملوں سے تحفظ فراہم کریں۔ بیان میں صہیونی فوج اور یہودی شدت پسندوں کے روز مرہ کی بنیاد پر جاری مسجد اقصیٰ پر دھاووں کی بھی شدید مذمت کی۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین