فلسطیینی صدر محمود عباس کے زیرکمانڈ سیکیورٹی فورسزکی صہیونیت نوازی کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ واقعے میں عباس ملیشیا کے اہلکاروں نے غلطی سے راستے میں رہ جانے والی ایک
کلاشنکوف صہیونی فوجی افسر کو پہنچا دی۔
اسرائیلی ٹیلی ویژن 2 کے مطابق کل اتوار کو مغربی کنارے کی ایک مصروف شاہراہ پر اسرائیلی فوجی عہدیدار نے جیپ سے اتر کر اپنی ایم 16 بندوق جیپ کے بمپر پر رکھی۔ کچھ دیر بعد وہ دوبارہ گاڑی میں بیٹھ گیا اور بندوق اٹھانا بھول گیا۔ بعد ازاں عباس ملیشیا کے ایک اہلکار کو وہ بندوق ملی تو اس نے اٹھالی۔ کچھ دیر بعد اسرائیلی فوجی کو اپنی بندوق یاد آئی جو اس کے پاس نہیں تھی۔ اس نے دوبارہ گاڑی واپس موڑی اور جائے وقوعہ پر پہنچا لیکن وہاں اسے بندوق نہیں ملی۔ اس نے فورا فلسطینی اتھارٹی کی پولیس سے رابطہ کیا۔ عباس ملیشیا کی جانب سے بتایا گیا کہ ایک سڑک سے انہیں ایک بندوق ملی ہے جس کے بعد کلاشنکوف صہیونی فوجی کو دے دی گئی۔
خیال رہے کہ فلسطینی اتھارٹی کی پولیس اور اسرائیلی فوجیوں کے مابین سیکیورٹی تعاون کئی سال سے جاری ہے۔ عباس ملیشیا اور اسرائیلی فوجی مل کر فلسطینی مزاحمت کاروں کے خلاف سرچ آپریشن کرتے ہیں۔ فلسطینی علاقوں میں داخل ہونے والے کسی بھی یہودی آباد کار کو عباس ملیشیا کے اہلکار پکڑنے کے بعد اسے بہ حفاظت واپس پہنچا دیتے ہیں۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
