اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ہم امن چاہتے ہیں مگر امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ جارحیت مسلط کی گئی گئی تو دشمن کونہ بھولنے والا سبق سکھائیں گے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے پاس ملکی دفاع کی پوری صلاحیت موجود ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ایرانی صدر ان خیالات کا اظہار جمعہ کو تہران میں فوج کے قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ ایک پریڈ سے خطاب میں کیا۔ ان کا یہ خطاب سرکاری ٹیلی ویژن چینل پر نشر کیاگیا۔ فوجی نمائش میں ہوائی جہازوں، ڈرون طیاروں، میزائلوں، میزائلوں کے لانچنگ پیڈز، بکتر بندگاڑیوں، اور آبدوزوں کی بھی نمائش کی گئی۔پنڈال اللہ اکبر اور "مرگ برامریکا” "مرگ براسرائیل” کے نعروںسے گونجتا رہا۔
سابق صدر محمود احمدی نژاد کے برعکس حسن روحانی نے اپنی تقریر میں امریکا یا اسرائیل کا نام تو نہیں لیا لیکن انہوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج کے پاس کسی بھی طالع آزما کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے عالمی طاقتوں سے”جوہری تنازع” پرمذاکرات کے دوران بھی بتایا کہ ہم بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ وہی بات میں دہرا رہا ہوں کہ ہم جنگ نہیں چاہتے اور بات چیت کے ذریعے ہی مسائل کے حل پریقین رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کسی ملک پرجنگ مسلط کرنے میں پہل نہیں کرے گا لیکن جب ہم پر جنگ مسلط کی جائے گی تو ایران دشمن کو سبق سکھانے کے لیے ایران کی پوری طاقت استعمال کرے گا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
