اسرائیلی حکام نے مقبوضہ مغربی کنارے کے راستے 240 مال بردار ٹرکوں کو محصور شہر غزہ کی پٹی میں داخل ہونے کی اجازت دے دی ہے۔ یہ ٹرک آج منگل کو جنوبی غزہ میں کرم ابو سالم گذرگاہ کے راستے شہر میں داخل ہوں گے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ گڈز ٹرانسپورٹ کمیٹی کے چیئرمین رائد فتوح نے بتایا کہ صہیونی حکام کی جانب سے انہیں بتایا گیا ہے کہ آج منگل کو دو سو چالیس مال بردار ٹرکوں کو غزہ کی پٹی میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرکوں پر تجارتی، زرعی سامان کے علاوہ مواصلاتی سازو سامان اور امدادی سامان بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ قدرتی گیس، ڈیزل اور پٹرول سے لدے درجنوں ٹینکر بھی غزہ پہنچیں گے۔
خیال رہے کہ مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی کے درمیان کرم ابوسالم واحد گذرگاہ ہے جس کے ذریعے محصور شہر کو اشیائے خوردونوش کی محدود مقدار فراہم کی جاتی ہے۔ یہ گذرگاہ بھی جمعہ اور ہفتے کے روز بند رہتی ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین