اسرائیلی وزیر دفاع ایہود باراک نے مغربی کنارے میں 28 نئی یہودی بستیوں کی تعمیر کی منظوری دی ہے۔ صہیونی ریڈیو کے مطابق یہ یہودی بستیاں آئندہ برس تعمیر کی جائیں گی۔ صہیونی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے مغربی کنارے میں دس مہینوں تک یہودی بستیوں کی تعمیر منجمد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس فیصلےکا اطلاق مقبوضہ بیت المقدس اور پبلک سہولیات کے ساتھ زیر تعمیر تین ہزار رہائشی یونٹس پر نہیں ہو گا۔ درایں اثنا قابض اسرائیلی فوج نے جنین شہر کے جنوب میں فلسطینیوں کی زمین پر بلڈوزر چلا دیئے۔ اس کارروائی کا مقصد قریب واقع سکڈ یہودی بستی میں توسیع کے کام کی اجازت دینا ہے۔ عینی شاہدوں کا کہنا ہے کہ دیو ہیکل فوجی بلڈوزروں نے فلسطینیوں کی دسیوں ایکٹر اراضی کو نقصان پہنچایا ہے۔ یہ تمام کارروائی سکڈ یہودی بستی میں قالین بافی کی ایک فیکٹری قائم کرنے کے لئے کی جا رہی ہے۔