مرکز اطلاعات فلسطین کے نامہ نگاروں کے مطابق جمعہ کے روز نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد فلسطینیوں کی بڑی تعداد اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگاتی مساجد سے سڑکوں پر نکل آئی۔ مظاہرین اسرائیلی فوج کی جارحیت اور مغربی کنارے میں یہودی کالونیوں کی تعمیر کےخلاف سخت نعرے بازے کر رہے تھے۔ سب سے زیادہ پرتشدد جھڑپیں رام اللہ اور الخلیل شہروں میں ہوئیں جہاں قابض فوجیوں کی براہ راست فائرنگ سے دسیوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق نماز جمعہ کے بعد مشرقی رام اللہ میں اسرائیلی فوج کے حملے میں ایک نوجوان ساجی درویش کی چند روز قبل شہادت کے خلاف ریلی نکالی گئی۔ فلسطینی مظاہرین نے سڑک سے گذرتی "بیت ایل” یہودی کالونی کے یہودی آباد کاروں کی گاڑیوں پر بھی سنگ باری کی جس کے نتیجے میں گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ مظاہرین ریلی کی شکل میں صہیونی حکومت کی جانب سے بند کی گئی ایک سڑک کی طرف بڑھنے لگے تو اتنے میں قابض فوج کی بڑی تعداد نے انہیں گھیرے میں لے لیا۔ قابض فوجیوں نے ان پر براہ راست گولی چلائی جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے تین کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ ان میں سے ایک کے پاؤں اور دو کے سروں میں گولیاں لگی ہیں۔ زخمیوں کو رام اللہ کے مختلف اسپتالوں میں پہنچا دیا گیا ہے۔
ادھر مغربی رام اللہ میں بعلین کے مقام پر فلسطینی شہریوں نے ہفتہ وار ریلی نکالی۔ صہیونی فوج نے اس ریلی کو منتشر کرنے کے لیے ان پر شیلنگ کی جس کے نتیجے میں ناروے کی ایک سماجی کارکن سمیت درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔ آنسوگیس کی شیلنگ سے کئی افراد بے ہوش بھی ہو گئے۔
شمالی رام اللہ میں النبی صالح کالونی میں فلسطینی مظاہرین اور اسرائیلی فوج کے درمیان دو بدو جھڑپیں ہوئی ہیں۔ جن میں کئی افراد زخمی بتائے جاتے ہیں۔ شمالی مشرقی رام اللہ میں سلواد کے مقام پر صہیونی فوجیوں اور فلسطینی مظاہرین کے درمیان ہوئی جھڑپوں میں کئی افراد زخمی ہو گئے۔ پی آئی سی کے نامہ نگار کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر اشک آور گیس اور ربڑ کی گولیوں کا اندھا دھند استعمال کیا گیا۔
درایں اثناء مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں بیت امر کے مقام پر فلسطینی شہریوں نے اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کےخلاف ایک بڑا جلوس نکالا۔ صہیونی فوج نے فلسطینیوں کی ریلی روکنے کے لیے ان پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں 16 سالہ محمد ابو عیاش کے سرمیں گولی لگی ہے جسے شدید زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا ہے۔ ہوائی فائرنگ، آنسو گیس کی شیلنگ اور ربڑ کی گولیوں کے حملے میں دسیوں دیگر افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔
