قابض اسرائیلی فوجیوں نے بزرگ فلسطینی خاتون ام باقر کے پانچویں بیٹے کو حراست میں لیکر ان کی عید کی خوشیاں تباہ کر دیں۔ ام باقر نے چار بیٹے پہلے ہی اسرائیلی قید میں ہیں۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعہ کے روز اسرائیلی فوجیوں کی بڑی تعداد نے مرحوم شیخ سائد بلال کے گھر پر دھاوا بول دیا۔ فوجیوں نے زبردستی گھر میں گھس کر بے رحمانہ طریقے سے تلاشی لی اور اس دوران گھر میں موجود ان کے پانچویں اور آخری بیٹے کو گرفتار کر کے ساتھ لے گئے۔ ام باقر نے انسانی حقوق کے مرکز "احرار” کو بتایا کہ اسرائیل ایسی کارروائیاں کر کے اسیروں کے خاندانوں کو دباو میں لانا چاہتا ہے کیونکہ وہ اپنی شرائط کے مطابق قیدیوں کا تبادلہ کرانے کی کوششوں میں ناکام ہو چکا ہے۔ "احرار” کے ڈائریکٹر فواد الکشف نے ام کے باقر کے جیل سے باہر اکلوتے بیٹے عمر بلال کو گرفتار کرنے کی مذمت کی۔ انہوں نے بتایا کہ ام باقر کا سب سے بڑے صاحبزادہ کو دو سال کے لئے انتظامی نظری میں رکھا گیا ہے۔ ان کا دوسرا بیٹا معاذ گیارہ برسوں سے جیل میں ہے۔ اسرائیل عدالت نے اسے 26 مرتبہ عمر قید سنائی۔ حوصلہ مند فلسطینی خاتون ام باقر کا بیٹا عثمان پندرہ سال پر محیط عمر قید کاٹ رہا ہے۔ چوتھا بیٹا عبادہ اسرائیلی جیل میں دس برس کی قید کاٹ رہا ہے۔ عبادہ کی اہلیہ کو وسط نومبر میں انتظامی نظر بندی میں لیا گیا۔ کشف نے بتایا کہ اسرائیلی فوج اب خاندان کے اکلوتا بیٹے عمر کو گرفتار کر کے لے گئی ہے۔ انہوں نے مقامی اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ پر زور دیا کہ وہ اس فلسطینی خاندان کو درپیش مسائل کو اجاگر کریں تاکہ دنیا اسرائیل کا مجرمانہ امیج اپنی آنکھوں سے دیکھ سکے۔