اسرائیلی فوج اور پولیس نے ایک مشترکہ کارروائی میں مقبوضہ بیت المقدس میں بچوں کے لیے ایک پارک کا سامان لانے والے دو ٹرک ضبط کر لیے ہیں۔ دونوں ٹرکوں پربیت المقدس کی "الخان الاحمر” کالونی میں بچوں کے ایک پارک کے لیے سیمنٹ، سریا اور کھیلوں کا سامان لادا گیا تھا۔
اسرائیلی اخبار”ہارٹز” کے مطابق اطالوی دونوں ٹرکوں کے ہمراہ اطالوی قونصلیٹ کا ایک مندوب بھی موجود تھا تاہم صہیونی فوجیوں نے دونوں ٹرکوں کو روک کر ان کا سامان لوٹ لیا گیا۔ بیت المقدس میں اطالوی سفارت خانے کی جانب سے مداخلت کی کوشش کی گئی ہے لیکن صہیونی فوج نے سامان واپس دینے سے انکار کر دیا ہے۔
اسرائیلی ملٹری پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ بعض مقامی فلسطینی شہریوں اور اطالوی سفارت خانے کی مدد سے مقبوضہ اراضی پر ایک پبلک پارک تعمیر کیا جا رہا تھا جس کی متعلقہ حکام کی جانب سے اجازت نہیں لی گئی جس کے باعث تعمیراتی سامان قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ مشرقی بیت المقدس میں "الخان کالونی” میں 250 فلسطینی خاندان رہائش پذیر ہیں جن کے سیکڑوں بچوں کے لیے کوئی پارک نہیں ہے۔ یہ لوگ خود بھی کچے مکانوں اور خیموں میں رہتے ہیں۔ صہیونی حکام نے انہیں پکے مکان بنانے اور کسی بھی نوعیت کی دوسری تعمیرات سے روک دیا ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
