تضامن فائونڈیشن برائے انسانی حقوق نے کہا ہے کہ اسرائیلی عدالتوں نے پچھلے دو دنوں کے دوران 14 فلسطینی اسیران کی مدت حراست میں توسیع کردی ہے۔
فائونڈیشن کے وکیل محمد عابد نے کہا ہے کہ جلامہ کی اسرائیلی عدالت نے سماجی کارکن عدنان حمارشہ اور ان کی اہلیہ کی مدت حراست میں 12 دنوں کی توسیع کردی ہے
تاکہ ان سے تفتیش مکمل کی جاسکے۔ محمد عابد نے مزید بتایا کہ قابض حکام نے حمارشہ کو صحت کی خرابی کے باوجود ہسپتال سے جلامہ سنٹر منتقل کردیا ہے تاکہ ان سے تفتیش کی جاسکے۔
جلامہ کی عدالت نے طولکرم سے تعلق رکھنے والے اسیران طاہر ابو بکر اور احمد اساس کی مدت حراست میں بھی چھ دنوں کی توسیع کردی۔
فائونڈیشن کے وکیل کے مطابق بتاح تکفا کی عدالت نے دوما قصبے سے حراست میں لئے جانے والے آٹھ نوجوانوں کی مدت حراست میں بھی پانچ دنوں کی توسیع کردی جبکہ سالم کورٹ نے مزید دو اسیران کی حراست میں بھی توسیع کردی تاکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی پوری کی جاسکے۔
دریں اثناء تضامن فائونڈیشن کے ریسرچر احمد بیتاوی نے کہا ہے کہ عوفر اور سالم کی عدالتوں نے پانچ اسیران کو مختلف دورانیوں کی سزائیں سنا دی ہے اور ان پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔