اتوار کی صبح درجنوں یہودی آبادکاروں نے مقبوضہ بیت المقدس مغاربہ گیٹ کی سمت سے مسجد اقصٰی پر دھاوا بول دیا اور صیہونی پولیس کی بھاری نفری کی حفاظت میں کئی احاطوں کے "دورے” کئے۔
اقصٰی فائونڈیشن برائے اوقاف و ورثہ کے میڈیا کوآرڈینیٹر محمود ابو لتا نے صفا نیوز ایجنسی کو بتایا ہے کہ اسرائیلی سپیشل فورسز نے 22 یہودی آبادکاروں کو اپنی حفاظت میں مقدس مقام کے اندر پہنچایا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسرائیلی پولیس نے اس دورے کے دوران ایک فلسطینی شہری کو حراست میں لے لیا اور اسے پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔ ابو لتا نے بتایا کہ یہودی آبادکاروں اور اسرائیلی پولیس اہلکاروں کے حملے کے وقت مسجد میں 1200 اسکالرز اور 300 نمازی موجود تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ قابض اسرائیلی حکام اتنی بڑی تعداد میں نمازیوں کو دیکھ کر گھبرا گئی تھی اور اس نے مسجد کے داخلی دروازوں پر سیکیورٹی بڑھا دی تاکہ یہ تعداد کم کی جاسکے۔
