فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں مسجد اقصیٰ کے باہر سیکڑوں فلسطینی شہریوں اور صہیونی فوج کے درمیان جھڑپوں میں درجنوں افراد زخمی اور کئی کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ہفتے کی شام صہیونی پولیس اور فوج نے مشترکہ چھاپہ مار کارروائی میں مسجد اقصیٰ کے قریب سے دو فلسطینیوں کو حراست میں لیا، جس کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد اسرائٰیلی فوج کی منظم دہشت گردی اور غنڈہ گردی کے خلاف سڑکوں پرنکل آئی۔ مشتعل شہری اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگا رہے تھے۔ انہوں نے صہیونی فوجیوں پر پتھراؤ کیا۔ جواب میں صہیونی فوج نے نہتے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا اور ان پر اشک آور گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں دسیوں فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق صہیونی فوج نے مظاہرہ کرنے والے متعدد شہریوں کو نام نہاد الزامات کے تحت حراست میں بھی لے لیا۔ عینی شاہدین کے مطابق صہیونی فوج اور فلسطینی شہریوں کے درمیان جھڑپیں الواد روڈ پر ہوئیں۔ اس دوران صہیونی فوجیوں نے اٹھارہ سالہ محمد السلائیمہ اور بیس سالہ محمد عسیلہ کو حراست میں لینےکے بعد "القشلہ” پولیس سینٹر منتقل کردیا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
