اسلامی تحریک مزاحمت[حماس] نے جمہوریہ وسطی افریقا میں انتہا پسند دہشت گرد گروپوں کے ہاتھوں مسلمان باشندوں کے اجتماعی قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی دہشت گردی قرار دیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وسطی افریقا میں دہشت گرد گروپوں کے ہاتھوں مسلمانوں کو بدترین دہشت گردی کا سامنا ہے۔ مسلمان باشندوں کا اجتماعی قتل عام اسلام کا نام لینے والوں کا صفایا کرنے کی گھناؤنی سازش معلوم ہوتی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وسطی افریقا میں معصوم اور نہتے مسلمانوں کے اجتماعی قتل عام کی ہولناک خبروں نے پوری مسلم امہ کو گہرا دکھ پہنچایا ہے۔ عالم اسلام کو اپنے بھائیوں کے قتل عام پر افسوس ہے اور مسلمانوں کے خلاف جاری دہشت گردی کی پوری دنیا میں مذمت کی جا رہی ہے۔
بیان میں عالمی برادری کی جانب سے افریقی مسلمانوں کو تحفظ دلانے میں ناکامی کی بھی شدید مذمت کی گئی اور کہا گیا ہے کہ ایسے لگ رہا ہے کہ وسطی افریقا کے مسلمانوں کے قتل پر عالمی برادری کو سانپ سونگھ گیا ہے۔ ہر طرف ہوکا عالم ہے اور عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی کا موجب ہے۔
حماس نے مسلم اور عرب ممالک کے ساتھ انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے بھی اپیل کہ وہ وسطیٰ افریقا میں انتہا پسند گروپوں کے ہاتھوں قتل عام کا شکار مسلمانوں کو تحفظ دلانے کے لیے فوری اقدامات کریں ورنہ دہشت گردی کی یہ آگ مزید پھیل سکتی ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین