اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر الخلیل سے تعلق رکھنے والے ایک شہید فلسطینی احمد الفقیہ کا جسد خاکی اس کے ورثاء کے حوالے کرنے کا فیصلہ آئندہ اتوار تک موخر کر دیا ہے۔ قبل ازیں اسرائیلی اعلان کے مطابق فقیہ کا جسد خاکی کل اتوار کو اس کے لواحقین کے حوالے کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
شہید کے اہل خانہ نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا کہ صہیونی حکام کی جانب سے انہیں بتایا گیا ہے کہ شہید احمد الفقیہ کا جسد خاکی آئندہ اتوار کو مغربی الخلیل میں ترقومیا فوجی چیک پوسٹ سے اس کے ورثاء کے حوالے کیا جائے گا۔
صہیونی فوجیوں کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ فقیہ کا جسد خاکی نوفروری بروز اتوار اس کے ورثاء کو دیا جانا تھا لیکن متعلقہ افسرکی عدم موجودگی کے باعث اسے آئندہ اتوار تک موخر کر دیا گیا ہے۔ اب آئندہ اتوار کو رات آٹھ بجے احمد الفقیہ کا جسد خاکی اس کے ورثاء کے حوالے کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ احمد الفقیہ اور اس کے ساتھی محمد شاہی نے کئی سال قبل جنوبی الخلیل میں”عتنائیل” یہودی کالونی پر حملہ کر کے پانچ یہودی آبادکاروں کو واصل جہنم اور درجنوں کو زخمی کر دیا تھا۔ جوابی کارروائی میں دونوں فلسطینی شہید ہو گئے تھے۔
اسرائیل نے دونوں کی میتیں اپنے قبضے میں لے لی تھیں، جو آج تک سیکڑوں دوسرے شہداء کی میتوں کے ساتھ اسرائیل کے قبضے میں ہیں۔ اسرائیلی حکومت نے حال ہی میں فلسطینی شہداء کی میتیں ان کےورثاء کے حوالے کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس اعلان کے بعد چند ایک شہداء کےجسد خاکی ان کے لواحقین کو دیے جا چکے ہیں۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
