امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے وزیرخارجہ جان کیری کے حوالے سے یہودی حلقوں میں سامنے آنے والی تازہ تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وزیرخارجہ جان کیری عشروں سے یہودیوں کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
یہودی حلقوں کی جانب سے ان کےخلاف جاری تنیقد بلاجواز ہے۔ یہودیوں کے حقوق کا ہرقیمت پرتحفظ کیا جائے گا۔
امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیلی حلقوں میں جان کیری کا ایک بیان سخت تنقید کا باعث بنا ہے۔ میونخ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر کیری کا کہنا تھا کہ امن مذاکرات میں تعاون نہ کیا تو اسرائیل کو عالمی تنہائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
اس بیان کے رد عمل میں اسرائیلی حکومتی اور ابلاغی حلقوں میں ایک طوفان اٹھ کھڑا ہواہے۔ تنقید کا رخ تبدیل کرنے کے لیے وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جان کیری نے اپنی پوری زندگی یہودیوں کے حقوق کی جنگ لڑی ہے۔ وہ آج بھی اسرائیلی ریاست کی پشت پرکھڑے ہیں اور صہیونی ریاست کو محفوظ بنانے کی مساعی کررہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ عالمی برادری کب کی اسرائیل کا بائیکاٹ کرچکی ہوتی۔ یہ امریکا ہے جس نے آج تک اسرائیل کوعالمی بائیکاٹ سے بچائے رکھا ہے۔ جان کیری نے درست سمت اشارہ کرتےہوئے خبردار کیا ہے کہ امن مذاکرات بے نتیجہ رہے تو عالمی بائیکاٹ اسرائیل کی تنہائی نوشتہ دیوار دکھائی دیتی ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
