مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قاہرہ میں اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر مرزوق کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے فلسطینیوں، تمام عرب اور اسلامی ممالک کو دی جانے والی امداد دراصل ایک "زہر” ہے۔ خاص طور پر فلسطینیوں کو دی جانے والی امداد واشنگٹن کی ایک سازش ہے۔ فلسطین کے ایک بڑے حصے پر صہیونی ریاست نے قبضہ جما رکھا ہے اور بقیہ فلسطین کو امریکا مالی امداد کے ذریعے باجگزار بنا رہا ہے۔
حماس رہ نما نے یمن میں امریکی ڈرون طیارے سے بارات پرکیے گئے حملے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ یمن میں یہ اس نوعیت کی امریکی دہشت گردی کا 45 واں واقعہ ہے، امریکا نے ایک مرتبہ پھر نہتے مسلمان شہریوں کو موت کے گھاٹ اتار کر اپنی نفرت کا سامان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کی جانب سے فلسطینی پناہ گزینوں کو فراہم کی جانے والی امداد کے پیکٹوں پر لکھا ہوتا ہے کہ یہ "برائے فروخت نہیں ہیں”۔ ہم وہ سامان کھاتے ہیں۔ پھر امریکا ہمیں ڈرون طیاروں کی ذریعے قتل کرتا ہے۔ اس لیے یہ امداد ہمارے لیے زندگی نہیں بلکہ زہر ہے جو زندگی ختم کردیتی ہے۔