وزارت داخلہ کا یہ بیان مصری فوجی ترجمان کی جانب سے غزہ سے تعلق رکھنے والے مسلح افراد کے مصری فوجی چوکی پر حملے کو ناکام بنانے کے موقف کے بعد سامنے آیا ہے۔ وزارت کے مطابق مصری موقف میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
وزارت داخلہ کے مطابق یہ الزام غزہ کی پٹی پر مسلط کئے جانیوالے محاصرے کا جواز پیش کرنے کے لئے لگائے جانیوالے منظم جھوٹے الزامات کا ہی ایک حصہ ہے۔ وزارت کا مزید کہنا تھا کہ مصری حکام ایسے ہتھکنڈوں کا استعمال بند کردیں کیوںکہ غزہ کی مصری معاملات میں مداخلت کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔
ایک اور واقعہ میں تحریک حماس کے ترجمان ڈاکٹر سامی ابو زھری نے ایک ریٹائرڈ مصری جنرل نبیل ابوالنجہ کی جانب سے فلسطینی شہری ھشام السوعیدنی پر سیناء میں ہونے والے حملوں کے ماسٹر مائنڈ ہونے کے الزام کو مسترد کردیا ہے۔
ابو زھری کا کہنا تھا کہ سوعیدنی کو 14 ستمبر 2012 کو ایک اسرائیلی فضائی حملے میں شہید کردیا گیا تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مصری میڈیا اور فوجی قیادت فلسطینی عوام اور مزاحمت کے خلاف جھوٹ گھڑنا بند کردیں۔