سنٹر برائے مطالعہ اسیران کا کہنا ہے کہ اسرائیلی سپیشل فورس کے اہلکاروں نے نقب جیل کے سیکشن 25 پر دھاوا بولا اور وہاں سے دو فلسطینی انتظامی اسیران کو زبردستی انتظامی عدالت میں لے گئے۔
سٹر کے ترجمان ریاض الاشقر نے بتایا کہ اسرائیلی جیل انتظامیہ کے سپیشل یونٹس نے دس نمبرکمرے پر دھاوا بولا جہاں پر انسانی حقوق کے کارکن اوسامہ شاہین اور الخلیل سے تعلق رکھنے والے اسیر محمود شلاتوہ کو رکھا گیا تھا۔ یونٹس نے کمرے کی تلاشی لی اور اس کے بعد ان دونوں اسیران کو زبردستی انتظامی کورٹ میں لے گئے۔اشقر کا کہنا ہے کہ اسپیشل یونٹس کی جانب سے جارحیت کے مظاہرے کے بعد جیل میں کشیدگی کی فضاء پائی جاتی ہے اور فلسطینی اسیران انتظامی حراست کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ جبکہ جیل انتظامیہ اسیران کو خبردار کررہی ہے کہ یہ اقدامات ان تمام اسیران کے خلاف اٹھائے جائیں گے جو انتظامی عدالتوں میں پیش ہونے سے انکار کریں گے۔
اسرائیلی جیلوں میں قید انتظامی اسیران نے اس ماہ کی دس تاریخ سے انتظامی حراست کے خلاف احتجاج کا سلسلہ شروع کردیا تھا اور فیصلہ کیا تھا کہ 25 تاریخ کے بعد سے کوئی اسیر انتظامی عدالت میں اپنے کیس کی پیروی کے لئے نہیں جائے گا۔
سنٹر نے بین الاقوامی اداروں سے اپیل کی کہ وہ مداخلت کریں اور انتظامی اسیران کو قابض حکام کی انتقامی کارروائیوں سے بچائیں۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
