بیت لحم سے مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ جمعرات کی شام صہیونی فوج کی بڑی تعداد نے العبیدیہ کے مقام پر محمد داؤد ربایعہ نامی شہری کے گھر پرچھاپہ مارا اور انہیں حراست میں لے لیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق تلاش کی کارروائی میں قابض فوج نے گھر کی جامہ تلاشی لی اور خواتین اور بچوں کوبھی زدو کوب کیا گیا۔
اسی شہرمیں تقوع کے مقام پرصہیونی فوج کے کریک ڈاؤن میں سلیم جبریل اور اس کے متعدد ساتھیوں کوحراست میں لیا گیا۔ تلاشی کی کارروائی میں گھروں میں قیمتی اشیاء کی توڑ پھوڑ بھی کی گئی اور اہلخانہ کو ہراساں کیا گیا۔
ادھر الخلیل شہرکے مشرقی علاقے الشیوخ میں صہیونی فوج نے مقامی شہریوں کو کئی زیرتعمیر عمارتیں اور مکانات گرانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
مقامی ذرائع نے "پی آئی سی” کو بتایا کہ متعدد شہریوں کو اپنے زیر تعمیر اور پہلے سے تعمیر شدہ مکانات مسمار کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ صہیونی فوج کی جانب سے انہیں ملنے والے نوٹسزمیں کہا گیا ہے کہ وہ ایک ہفتےکے اندر اندر مکانات مسمار کردیں بصورت دیگر فوج خود کارروائی کرکے انہیں گرا دے گی اور خود مکان نہ گرانے والوں کو جرمانے کیے جائیں گے۔
