مقبوضہ بیت المقدس کے مشرق میں موجود قصبے ابو دیس میں فلسطینی شہریوں اور قابض اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ رات گئے شروع ہوگیا جو کہ علی الصباء تک جاری رہا۔
مقامی ذرائع کے مطابق درجنوں نوجوانوں نے رات کے وقت ابو دیس کو بیت المقدس سے علیحدہ کرنے والے دیوار فاصل کے حصے کو مسمار کردیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ فلسطینی نوجوانوں اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان تصادم کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب اسرائیلی فوج کی حفاظت میں مزدور اس مسمار شدہ دیوار کے حصے کی مرمت کی کوشش کررہے تھے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ قابض فوج نے نوجوانوں پر ربڑ کی گولیاں، سائونڈ بموں اور آنسو گیس کی بوچھاڑ کردی جس کے نتیجے میں دو نوجوان زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق فوجیوں نے قصبے پر اندھا دھند شیلنگ کی جس کے نتیجے میں آنسو گیس کے کچھ شیل عام شہریوں کے گھروں میں بھی جاگرے۔
