اسرائیل کے فوجی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ فلسطینی شہرغزہ کی پٹی کی سرحد کے ساتھ متصل علاقے "کیسوفیم” میں فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کی جانب سے بچھائی گئی ایک خطرناک بارودی سرنگ کو ناکارہ بنایا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے انٹرنیٹ پرجاری ایک بیان میں بتایا ہے کہ انجیئیرکور کی "گولانی” بٹالین کے اہلکار سرحدی علاقے "کیسوفیم” میں معمول کے گشت میں مصروف تھے۔ اس دوران انہوں نے ایک بارودی سرنگ کی موجودگی کا سراغ لگایا جسے دھماکے سے قبل ہی کھول کر ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ بارودی سرنگ میں بڑی مقدار میں دھماکہ خیزمواد رکھا گیا تھا اگراسے ناکارہ نہ بنایا جاتا تواسکے نتیجے میں بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑسکتا تھا اور بکتر بند گاڑیاں اور بنکر بھی اس کی زد میں آ کر تباہ ہوسکتے تھے۔
درایں اثناء صہیونی فوج نے ایک دوسرے بیان میں خدشہ ظاہر کیا ہے کہ غزہ اور مقبوضہ فلسطین کی درمیانی سرحد پر مزید بڑی تعداد میں بارودی سرنگوں کی موجودگی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ قابض فوج کا کہنا ہے کہ "کیسوفیم” کے مقام پرناکارہ بنائی گئی بارودی سرنگ اس علاقے میں ایک ہفتے کے دوران پیش آنے والا دوسرا بڑا واقعہ ہے جس میں مبینہ طور پر اسرائیلی بارڈر فورسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔