فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے تاریخی شہر الخلیل میں قابض صہیونی فوج نے جامع مسجد عبدالحی شاہین پر دھاوا بول کرمقدس مقام کی بے حرمتی کا شرمناک مظاہرہ کیا اور مسجد میں موجود نمازیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کم و بیش چھ فوجی گاڑیوں پر سوار درجنوں صہیونی فوجیوں علی الصباح مسجد عبدالحی شاھین کا محاصرہ کیا اور نمازیوں کو فوری طور پر مسجد سے باہر نکلنے کا حکم دیا گیا۔ مسجد میں موجود تمام نمازیوں کو سڑک پر کھڑا کرکے ان کی شناخت پریڈ کی گئی۔ بعد ازاں قابض فوجی اسلحہ لہراتے ہوئے مسجد میں داخل ہوگئے۔ ایک گھنٹے تک جامع مسجد کی جامہ تلاشی لینے کے بعد فلسطینیوں کو دوبارہ مسجد میں داخلے کی اجازت دی گئی۔ صہیونی فوج کے اس شرمناک اقدام کے خلاف فلسطینی شہریوں نے سخت احتجاج کیا ہے۔ مسجد کی تلاشی اور بے حرمتی کے دوران صہیونی فوجیوں کی بڑی تعداد نے آس پاس کی عمارتوں کی چھتوں پر چڑھ کر پوزیشنیں سنھبال رکھی تھیں۔
